لیبر ویزے پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی کمی: ایاٹا نے چیئرمین ایف بی آر کو خط لکھ دیا

کراچی: (دنیا نیوز) خلیجی ممالک میں لیبر ویزے پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی کمی کے معاملہ پر انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن نے چیئرمین ایف بی آر کو ہنگامی خط لکھ دیا۔

ایاٹا کے مطابق ایئرلائنز کے لئے مخصوص قسم کے ویزا رکھنے والے مسافروں میں فرق اور تصدیق کرنے میں مشکلات ہوں گی، ایئرلائنز کے لیے ٹکٹ فروخت کرتے ہوئے ان مسافروں کی شناخت کرنا انتہائی مشکل ہے جن کے پاس لیبر ویزا ہو۔

خط کے متن کے مطابق ایئر لائنز عام طور پر صرف ان ویزوں کو چیک کرتی ہیں جو مسافروں کے پاس چیک اِن کے دوران ہوتے ہیں، ویزا کی قسم کی بنیاد پر مختلف ٹیکس کی رقم کو لاگو کرنے سے مہنگا انتظامی بوجھ پڑے گا۔

انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن نے تجویز دی ہے کہ اکانومی کلاس میں فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی میں کمی تمام گلف اور افریقی ممالک کے لئے ہونی چاہئے، اگر یہ ممکن نہ ہو تو گلف ممالک جانے والی تمام اکانومی پروازوں میں ایف ای ڈی میں رعایت ہونی چاہئے۔

ایاٹا نے خط میں لکھا کہ ایف ای ڈی میں 7 اگست میں دوبارہ تبدیلی کی گئی اور اس کو 10 اگست سے نافذ کرنے کا کہا گیا، ایئر لائنز کے لئے انتہائی مختصر وقت میں اس کا نفاذ انتہائی مشکل ہوجائے گا۔

انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن نے تجویز دی ہے کہ حکومت ٹکٹوں کے ٹیکسوں میں کسی بھی قسم کی تبدیلی کے لیے پہلے سے کم از کم 6 ماہ کا وقت دے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں