وزیر اعظم کا قیمتی پتھروں کی برآمدات میں اضافے کیلئے اصلاحات کا فیصلہ

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے قیمتی پتھروں کی صنعت کی ترقی اور برآمدات میں اضافے کیلئے اصلاحات کا فیصلہ کر لیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت قیمتی پتھروں کی صنعت کی ترقی اور اصلاحات کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس منعقد ہوا، جس میں بریفننگ دی گئی کہ پاکستان میں قیمتی پتھروں کی کان کنی سے متعلق ایک سو اٹہتر بڑے لائسنس دیے جا چکے ہیں جبکہ پاکستان میں 18 قیمتی پتھروں کی اقسام پائی جاتی ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ قیمتی پتھروں کی صنعت کی ترقی اور اصلاحات کی سٹیرنگ کمیٹی کی خود صدارت کروں گا، پاکستان کی قیمتی پتھروں کی برآمدات کا 80 فیصد حصہ خام مال پر مبنی ہے۔

انہوں نے کہا کہ قیمتی پتھروں کی روایتی طریقے سے کان کنی سے قیمتی اثاثہ ضائع کیا جا رہا ہے، ایک ماہ میں لائحہ عمل تشکیل دے کراس کے نفاذ کیلئے اقدامات شروع کیے جائیں تاہم قیمتی پتھروں کی اسمگلنگ کی اجازت بالکل بھی نہیں دی جائے گی۔

شہباز شریف نے وفاقی وزیرِ نجکاری عبدالعلیم خان کو اصلاحات کے نفاذ کی ذمہ داری سونپ دی اور کہا کہ حکومت گلگت بلتستان میں کان کنی اور ویلیو ایڈیشن پائلٹ پراجیکٹ شروع کرے گی، گلگت بلتستان حکومت کو بھی مکمل مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ گلگت بلتستان حکومت سے مشاورت کے بعد ایک ہفتے میں رپورٹ پیش کی جائے، قیمتی پتھروں کی صنعت اور شعبے کی اصلاحات سے متعلق عملی اقدامات اور نتائج بھی پیش کئے جائیں۔

اجلاس میں وفاقی وزرا جام کمال خان، خالد مقبول صدیقی، احدخان چیمہ، محمد اورنگزیب جبکہ وفاقی وزراء رانا تنویر حسین اور مصدق ملک سمیت دیگر شریک ہوئے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں