کوئٹہ میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے تمام ڈیلی ویجز ملازمین کو برطرف کردیا گیا

کوئٹہ: (دنیا نیوز) میٹرو پولیٹن کارپوریشن کوئٹہ میں بڑے پیمانے پر گھوسٹ ملازمین کا انکشاف، کمشنر کوئٹہ و ایڈمنسٹریٹر میڑوپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کے تمام ڈیلی ویجز ملازمین کو برطرف کردیا گیا۔

کمشنر کوئٹہ ڈویژن و ایڈمنسٹریٹر میڑوپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ محمد حمزہ شفقات نے بتایا کہ میٹرو پولیٹن کارپوریشن کوئٹہ میں بڑے پیمانے پر گھوسٹ ملازمین کا انکشاف اور ادارے پر مالی بوجھ بننے والے تمام ڈیلی ویجز ملازمین کو فوری طور پر برطرف کردیا گیا ہے ۔

انہوں نے بتایا کہ برطرف کئے جانے والے ملازمین کی تعداد 1400ہے جن میں سینیٹیشن ، فائر سمیت دیگر شعبوں کے ملازمین شامل ہیں، گھوسٹ ملازمین کو جو فرائض سرانجام نہیں دیتے تھے کو برطرف کردیا گیاہے جبکہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کی جانب سے شعبہ فائر میں صرف اور صرف وہ ملازمین دوبارہ رکھے جائیں گے جو فرائض باقاعدگی سے سرانجام دے رہے ہیں۔

حمزہ شفقات نے مزید کہا کہ مستقبل میں جب بھی بھرتیوں کی ضرورت ہوگی تو اسکا جائزہ کیس ٹو کیس لیا جائے گا جبکہ میٹروپولیٹن کے متعلقہ افسران کو ہدایت کردی گئی ہے کہ کسی بھی ڈیلی ویج ملازم کی تنخواہ 16اگست کے بعد جاری نہ کی جائے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں