وزیراعلیٰ کا عید میلاد النبیؐ پر فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کا حکم

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے عید میلاد النبیؐ پر فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کا حکم دے دیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت امن وامان سے متعلق امور کا جائزہ اجلاس ہوا جس میں انہوں نے عید میلاد النبیؐ پر فول پروف سکیورٹی کا حکم دیا اور مریم نواز نے پولیس افسران کو علماء کرام کے پاس خود جا کر ملنے کی ہدایت کی۔

دوران اجلاس صوبائی سرحدی چوکیوں کی تعداد بڑھانے کی تجویز پیش کی گئی جس کی وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے منظوری دے دی، پولیس اہلکاروں کو اے پی سی، بلٹ پروف گاڑیاں اور بلٹ پروف جیکٹیں فوری طور پر دینے کا حکم بھی دیا گیا، اجلاس میں پولیس کیلئے ایک ارب روپے کی گرانٹ کی منظوری بھی دی گئی۔

مریم نواز نے سرحدی پوسٹوں پر تعینات پولیس اہلکاروں کی خصوصی ٹریننگ کرانے کی ہدایت کی اور بارڈر سکیورٹی چیک پوسٹوں کو مزید مضبوط اور بہتر بنانے کا حکم دیا، بارڈر ملٹری پولیس کی تشکیل نو اور جدید ٹریننگ کی ہدایت بھی کی۔

اجلاس کے دوران ڈیوٹی پر موجود پولیس فورس کو باڈی کیم لگانے کا اصولی فیصلہ کیا گیا، ناجائز اسلحہ کے خاتمے کے لیے مہم مزید تیز کرنے کا حکم بھی دیا، آن ڈیوٹی پولیس اہلکاروں کے سوشل میڈیا اور کیمرے کے استعمال کرنے پر سخت پابندی عائد کر دی گئی۔

وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب کے عوام کے جان ومال کا تحفظ اولین ذمہ داری ہے، عوام کے تحفظ کے لئے جو کچھ بھی کرنا پڑا ضرور کیا جائے گا، جرائم پیشہ اور سماج دشمن عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے۔

مریم نواز نے کہا ہے کہ پولیس جرم سرزد ہونے کا انتظار کیے بغیر پیشگی ایکشن کی اہلیت پیدا کرے، عوام کی جان ومال کی حفاظت کے لئے جو کچھ بھی کرنا پڑا کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ پولیس چیک پوسٹوں پر حملہ آوروں کو اس قدر سخت جواب دیا جائے کہ وہ دوبارہ حملے کی جرأت نہ کریں، پولیس چیک پوسٹوں کے درمیان پولیس پٹرولنگ کا انتظام کیا جائے۔  

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں