حکومت عدلیہ کنٹرول کرنے کیلئے پارلیمانی روایات روند رہی ہے: اسد قیصر

اسلام آباد :(دنیا نیوز) رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ حکومت عدلیہ کو کنٹرول کرنے کے لیے پارلیمانی روایات کو پیروں تلے روند رہی ہے۔

مرکزی رہنما پی ٹی آئی اسد قیصر نے متوقع جوڈیشل پیکیج پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ حکومت تاریخ کی بدترین آئینی ترامیم کرنے جا رہی ہے، حکومت اپنے اتحادیوں سے بھی ترامیم کا مسودہ چھپا رہی ہے، پارلیمانی روایات کے مطابق ماضی میں صرف عوامی مفاد کیلئے آئین میں ترامیم کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ جعلی حکومت صرف اپنا ناجائز مینڈیٹ بچانے کے لیے پارلیمان کو ڈھال کے طور پر استعمال کر رہی ہے، حکومت کے پاس آئینی ترامیم کے لیے دو تہائی اکثریت نہیں ہے، ہمارے ارکان کو اغوا کرکے اور دباؤ میں لا کر دو تہائی اکثریت حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

اسد قیصر کا مزید کہنا تھا کہ ہم ان جعلی ترامیم اور عدلیہ پر حملے کے خلاف پارلیمان اور عوام دونوں میں بھرپور مزاحمت کریں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں