بھارت میں کتے کی سرکاری اعزاز کے ساتھ تدفین

تلنگانہ: (ویب ڈیسک) بھارت میں سراغ رساں کتے کی سرکاری اعزاز کے ساتھ تدفین کر دی گئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت کی ریاست تلنگانہ کے ضلع نظام آباد کے محکمہ پولیس میں تعینات سراغ رساں کتا ’’گولڈی‘‘ طبیعت بگڑنے کے باعث ہلاک ہوگیا تھا جس کی آخری رسومات سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی گئیں۔

کمشنر پولیس نظام آباد کلمیشور کی ہدایت پر گولڈی کی آخری رسومات ادا کی گئیں جبکہ پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں اور اہلکاروں نے اس کی خدمات کے اعتراف میں خراج عقیدت پیش کیا۔

آخری رسومات کے موقع پر پولیس بینڈ کی دھن بجائی گئی اور اہلکاروں کے ایک دستے نے سلامی پیش کی۔

ایڈیشنل ڈی سی پی نے گولڈی کی وفات پر کہا کہ اس نے 2016 میں محکمہ پولیس میں بطور سراغ رساں کتے کے شمولیت اختیار کی تھی، اس عرصے میں گولڈی نے اعلیٰ حکام کے دورے کے موقع پر حفاظتی انتظامات کیلئے فرائض انجام دیئے۔

سراغ رساں کتا خاص طور پر اپنی سونگھنے کی تیز حس کی وجہ سے چیزوں یا لوگوں کا سراغ لگانے کیلئے تربیت یافتہ ہوتا ہے۔

مختلف نوعیت کی تربیت اور خصوصیات کے مطابق سراغ رساں کتوں کو مختلف مقاصد کیلئے استعمال کیا جا سکتا ہے جیسے کہ جرم کی تفتیش، گم شدہ افراد، تلاش اور نجات، ماحولیاتی تحقیق ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں