پِتے میں موجود 6 ہزار سے زائد پتھریاں کامیاب آپریشن کے بعد نکال لی گئیں

راجستھان: (ویب ڈیسک) بھارت میں 70 سالہ شخص کے پتے سے ہزاروں کی تعداد میں چھوٹی چھوٹی پتھریاں کامیاب آپریشن کے بعد نکال لی گئیں۔

بھارت کی ریاست راجستھان کے علاقے کوٹہ میں ایک مریض کی انوکھی سرجری کی گئی جس میں اس کے پتے کے مثانے سے کم از کم 6 ہزار 110 پتھریاں نکالی گئیں جن کا سائز دگنا ہوگیا تھا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق معروف لیپروسکوپک سرجن ڈاکٹر دنیش جندال نے مریض کا آپریشن کیا، سرجری میں تو صرف 30 منٹ لگے لیکن پتھریاں گننے میں ڈھائی گھنٹے کا وقت لگ گیا۔

مریض کو کئی سالوں سے پیٹ میں درد، الٹی اور دیگر پیچیدگیوں کی شکایت تھی، ہر ممکن علاج کے باوجود اسے کوئی آرام نہیں مل رہا تھا۔

لیپروسکوپک سرجن دنیش جندال نے مریض کا آپریشن کیا اور میڈیا کو بتایا کہ مریض کی سونوگرافی سے پتہ چلا کہ پِتہ پتھری سے بھرا ہوا تھا اور پتے کا سائز تقریباً دوگنا ہو کر 7×2 سینٹی میٹر سے 12×4 سینٹی میٹر ہو گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ’’یہ ایک نازک معاملہ تھا کیونکہ پِتے میں پتھری مریض کو شدید نقصان پہنچا سکتی ہے، وہ لبلبہ میں سوزش، یرقان اور یہاں تک کہ کینسر کا شکار ہو سکتا تھا‘‘، مریض اب مکمل طور پر فٹ ہے اور گھوم پھر رہا ہے۔

ڈاکٹر جندال کا کہنا تھا کہ آپریشن کے دوران بہت زیادہ احتیاط برتنی پڑی کیونکہ پتے میں سوراخ ہونے کی وجہ سے پتھری پیٹ میں پھیل سکتی تھی اور مریض کو انفیکشن کا خطرہ تھا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں