اشتیاق میمن کی لاش ملنے کے کیس میں اہم پیشرفت، زیر علاج بہن کا ویڈیو بیان سامنے آگیا

سکھر: (دنیا نیوز) آئی بی اے یونیورسٹی کے اسسٹنٹ کنٹرولر امتحانات اشتیاق میمن کی لاش گھر سے ملنے کا معاملہ، سول ہسپتال میں زیر علاج ایک بہن فائزہ میمن کا پولیس کو دیا گیا ویڈیو بیان "دنیا نیوز" کو موصول ہو گیا۔

متاثرہ خاتون فائزہ میمن نے بتایا کہ رات میں پہلے ہیٹر جلایا تھا بعد میں کوئلے بھی جلائے تھے، رات میں کسی وقت گیس کمرے میں بھری، مجھے خبر نہیں کیا ہوا، ہسپتال میں ہوش میں آئی۔

فائزہ میمن نے بتایا کہ رات میں نے تکہ، گھر کے چاول اور آلو بھی کھائے تھے، ہم تینوں بھائی، بہن ایک ہی کمرے میں سوئے تھے۔

واضح رہے کہ اشتیاق میمن کی دو بہنیں کمرے میں بے ہوش ملی تھیں، ایک بہن کو ہوش آگیا، دوسری آئی سی یو میں زیر علاج ہے۔

دوسری جانب ہسپتال ذرائع کے مطابق اشتیاق میمن کا پوسٹ مارٹم مکمل کر لیا گیا ہے، رپورٹ چند روز میں آئے گی، ابتدائی رپورٹ کے مطابق اشتیاق میمن کے جسم پر کوئی نشانات وغیرہ نہیں پائے گئے۔

پولیس ذرائع کے مطابق ابتدائی تحقیقات کے مطابق اشتیاق میمن کے کمرے سے انگیٹھی ملی جس میں کوئلے جل رہے تھے، کمرے میں بجلی کا ہیٹر بھی چل رہا تھا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں