پٹرولیم مصنوعات سستی ہونے پر ٹرانسپورٹرز کی جانب سے کرایوں میں کمی
لاہور: (دنیا نیوز) پٹرولیم مصنوعات سستی ہونے کے بعد ٹرانسپورٹرز کی جانب سے کرایوں میں بھی کمی کر دی گئی۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا ریلیف عوام تک پہنچنے لگا ہے، وزیر ٹرانسپورٹ پنجاب نے لاہور کے مختلف بس ٹرمینلز کا دورہ کر کے کرایوں میں کمی پر عملدرآمد کا جائزہ لیا۔
لاہور سے جھنگ کا کرایہ 1250 روپے سے کم کر کے 1200 روپے کر دیا گیا، لاہور سے میاںوالی کا کرایہ 1650 روپے سے کم کر کے 1500 روپے کر دیا گیا جبکہ لاہور سے فیصل آباد کا کر ایہ 770 روپے سے کم کر کے 730 روپے کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ لاہور سے بہاولپور کا کرایہ 1500 روپے سے کم کر کے 1430 روپے کر دیا گیا، لاہور سے سرگودھا کا کرایہ ہزار روپے سے کم کر کے 950 روپے کر دیا گیا۔
ٹرانسپورٹرز کی جانب سے کرایوں میں کمی کے بعد لاہور سے چکوال کا کرایہ 1670 روپے سے کم کر کے 1550 روپے کر دیا گیا جبکہ لاہور سے کراچی کا کرایہ 4470 روپے سے کم 4250 روپے کر دیا گیا ہے۔
بس ٹرمینلز پر نئے کرائے نامے آویزاں کر دیئے گئے، نیا کرایہ نامہ آویزاں نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔