علم سے ہی زندگی کی مشکلات اور آزمائشوں کا مقابلہ کرسکتے ہیں: یوسف رضا گیلانی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ علم و ادب کے ذریعے ہی ہم زندگی کی مشکلات اور آزمائشوں کا مقابلہ کرتے ہیں۔

چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے اکادمی ادبیات پاکستان کے زیر اہتمام ڈاکٹر ناصر حسین بخاری کی کتاب کی رونمائی کے موقع پر بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علم وادب ہماری تاریخ کا ریکارڈ ہوتا ہے، یہ انسانی تجربے کے تنوع کی عکاسی کرتا ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ کہانیوں، شاعری اور نثر کے ذریعے ہی ہم اپنی شناخت کو محفوظ اور تبدیلی کو آگے بڑھاتے ہیں اور یہ ادب ہی ہمیں اپنے اردگرد کی دنیا کا احساس دلانے میں مدد کرتا ہے، ہمیں ایک بہتر مستقبل کی تعمیر کے لئے تحریک دیتا ہے۔

سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ڈاکٹر ناصر حسین بخاری کی ادبی و غیر معمولی تحریری ذہانت کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں اور ڈاکٹر ناصر حسین بخاری کو اس شاندار کامیابی پر دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں، تعلیم، ادب اور تحقیق کے فروغ کے لئے ان کی خدمات قابل تحسین ہیں۔

سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ فاؤنڈیشن فار ایجوکیشن، انٹرپرینیورشپ اینڈ لٹریچر (ایف ای ای ایل) کا اس شاندار تقریب کے لئے تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں، فاؤنڈیشن موسمیاتی تبدیلی، تعلیم، صحت اور تجارت کے فروغ جیسے اہم مسائل پر انتھک کام کر رہی ہے اور خاص طور پر طلبہ کو خود انحصاری کے قابل بنانے کے لئے ان کی کوششیں قابل تعریف ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں