لبنانی فوج نے بیروت ایئرپورٹ کا کنٹرول سنبھال لیا

بیروت: (ویب ڈیسک) لبنانی فوج نے بیروت ایئرپورٹ کا کنٹرول سبنھال لیا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق لبنان میں اسرائیل کی جانب سے حزب اللہ کے لئے ہتھیاروں کی موجودگی کے بہانے بیروت ایئرپورٹ کو نشانہ بنانے کے امکان پر تشویش پائی جاتی ہے، ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ لبنانی فوج اس لائن میں داخل ہوگئی ہے۔

ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ فوج کو طیاروں کے ٹیک آف اور لینڈنگ کی نگرانی اور ہوائی اڈے کے اندر معائنہ کرنے کا کام تفویض کردیا گیا ہے، تاکہ ایسی کسی بھی خلاف ورزی سے بچا جا سکے جسے اسرائیل فضائی ٹریفک میں خلل ڈالنے کے بہانے کے طور پر استعمال کرسکتا ہو۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ امریکی سفارت خانے کے ملٹری اتاشی نے اس بات کو یقینی بنانے کے لئے ہوائی اڈے کا دورہ کیا کہ وہاں کوئی ہتھیار موجود نہیں ہیں۔

مقامی میڈیا نے تصدیق کی ہے کہ مسنا کراسنگ کے بعد شام کے ساتھ زمینی بندرگاہ بند کر دی گئی اور فضائی آمدورفت بدستور جاری ہے۔

انہوں نے یہ بھی بتایا  کہ ہوائی اڈا لبنان آنے اور جانے والے مسافروں کے ساتھ ساتھ امدادی طیاروں اور کارگو طیاروں کے داخلے اور خارجی راستے کی واحد بندرگاہ ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتوں کے دوران اسرائیل کی طرف سے کئے گئے پرتشدد حملوں کے بعد زیادہ تر غیر ملکی ایئر لائنز نے لبنان کے لئے اپنی پروازیں معطل کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں