ڈیلرز اور او ایم سی مارجن میں اضافہ کیا جائے: اوگرا کا سیکرٹری پٹرولیم کو خط
اسلام آباد: (دنیا نیوز) آئل اینڈ گیس ریگولیٹر اتھارٹی (اوگرا) نےپٹرولیم مصنوعات پر ڈیلرز مارجن اور او ایم سی مارجن میں اضافے کیلئے سیکرٹری پٹرولیم کو خط لکھ دیا۔
خط میں ڈیزل اور پٹرول پر او ایم سی مارجن میں ایک روپے 35 پیسے جبکہ ڈیزل اور پٹرول پر ڈیلرز مارجن میں ایک روپے 40 پیسے اضافے کی تجویز دی گئی ہے۔
سیکرٹری پٹرولیم کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ ڈیزل اور پٹرول پر آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کا مارجن 7 روپے 87 پیسے ہے جسے بڑھا کر 9 روپے 22 پیسے کیا جائے، ڈیزل اور پٹرول پر ڈیلرز مارجن 8 روپے 64 پیسے ہے جسے بڑھا کر 10 روپے 4 پیسے کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
مجوزہ اضافے میں پٹرول پمپس کوڈیجیٹائز کرنے کی لاگت بھی شامل ہے، آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو تمام پٹرول پمپس ڈیجیٹائز کرنا ہوں گے۔