گُرپتونت سنگھ پنوں کے قتل کی ناکام سازش ، بھارتی حکام آج امریکا جائیں گے
نئی دہلی : (ویب ڈیسک ) خالصتان تحریک کے رہنما گُرپتونت سنگھ پنوں کے قتل کی ناکام سازش کے معاملے میں بھارتی حکام آج امریکا جائیں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی اہلکار امریکی حکام سے واشنگٹن میں ملیں گے اور کیس پر جاری پیشرفت پر بات چیت ہوگی۔
بھارتی حکومت نے امریکا کو بتایا ہے کہ وہ معاملے میں سابق سرکاری ملازمین کے تعلق سے متعلق تحقیقات کی کوشش جاری رکھے ہوئے ہے۔
امریکی پراسیکیوٹرز نے بھارتی شہری نکھل گپتا پر پچھلے سال نومبر میں الزام عائد کیا تھا کہ اس نے گرپتونت سنگھ پنوں کو نیویارک میں قتل کرنے کی مبینہ سازش کی تھی۔
نکھل گپتا کو جمہوریہ چیک میں گرفتار کرکے 14 جون کو امریکا کے حوالے کردیا گیا تھا۔
بھارتی حکومت سکھ رہنما گرپتونت سنگھ کو 2020 میں دہشتگرد قراردے چکی ہے۔
دوسری جانب کینیڈا نے بھارتی ہائی کمشنر سنجے کمار ورما اور 5 سفارتی اہلکاروں کو ملک بدرکردیا۔
واضح رہے کہ کینیڈا میں قتل ہونے والے سکھ رہنما نجر کی طرح امریکہ میں پنوں بھی خالصتان کے نام سے ایک آزاد سکھ ریاست بنانے کا مطالبہ کر تے آرہے ہیں۔
دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی کا آغاز گزشتہ برس کینیڈا میں سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کے بعد ہوا تھا، کینیڈین وزیراعظم نے ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کا الزام بھارتی حکومت پر عائد کیا تھا۔