پاک روس تعلقات علاقائی امن، استحکام کے مشترکہ عزم سے جڑے ہیں: یوسف رضا گیلانی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان اور روس کے درمیان تعلقات علاقائی امن و خوشحالی اور استحکام کے مشترکہ عزم سے جڑے ہوئے ہیں۔

چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے روسی فیڈریشن کی فیڈریشن کونسل کی سپیکر ویلنٹینا آئی مٹوینیکو کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ معزز مہمان سپیکر کا استقبال کرنا بڑے اعزاز کی بات ہے، یہ اجلاس پاکستان اور روس کے درمیان بڑھتے ہوئے تعلقات کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

یوسف رضا گیلانی نے مزید کہا کہ مہمان سپیکر گورننس، سفارتکاری اور بین الاقوامی تعاون کا وسیع تجربہ رکھتی ہیں، ان کا کیریئر پانچ دہائیوں پر محیط ہے، انہوں نے سفارتکاری، سیاست اور حکمرانی پر انمٹ نقوش چھوڑے ہیں، سوویت نوجوان قیادت میں اپنے ابتدائی سالوں سے روس کی سب سے بااثر شخصیات میں سے ایک بننے کا ان کا سفر اس کا ثبوت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان کی سخت محنت، استقامت اور دانشمندانہ قیادت اہمیت کی حامل ہے، انہوں نے سینٹ پیٹرزبرگ کے گورنر کے طور پر اقتصادی ترقی پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے شہر کو ترقی دی اور اسے سفارتکاری اور سرمایہ کاری کے مرکز میں تبدیل کر دیا۔

چیئرمین سینیٹ نے مزید کہا کہ انہوں نے مشکل سفارتی منظرنامہ پر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے روس کے مفادات کا تحفظ کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں