پاسداران انقلاب کا اسرائیل پر جلد سخت حملے کرنے کا اعلان

تہران: (دنیا نیوز) پاسداران انقلاب نے اعلان کیا ہے کہ اسرائیل پر جلد سخت حملے کئے جائیں گے۔

تہران کی جانب سے اسرائیل کو سخت جواب دینے کی دھمکی دینے کے بعد پاسداران انقلاب نے بھی اپنی دھمکیوں کا اعادہ کیا ہے، 26 اکتوبر کواسرائیلی حملے میں ایران کے تین علاقوں میں میزائل مینوفیکچرنگ ہیڈ کوارٹرز اور فضائی دفاع کو نشانہ بنایا گیا تھا۔

پاسداران انقلاب کے معاون برائے رابطہ امور محمد رضا نقدی نے اپنے بیانات میں تصدیق کی ہے کہ آئندہ چند دنوں میں اسرائیل پر مزید سخت حملے کئے جائیں گے۔

رضا نقدی نے حزب اللہ اور حماس کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ آنے والے دنوں میں آپ صیہونی ادارے پر مزید مضبوط حملے دیکھیں گے، اسرائیلی نئے اقدامات اور اختراعات سے حیران رہ جائیں گے، انہوں نے یہ بھی زور دیا کہ اس مرتبہ اسرائیلیوں کو زیادہ نقصان اٹھانا پڑے گا۔

واضح رہے ہفتہ کے روز 26 اکتوبر کو اسرائیلی طیاروں نے تہران، ایلام اور اھواز کے صوبوں میں فوجی مقامات پر حملہ کیا تھا، یہ حملے محدود نوعیت کے تھے، اس حملے میں ایران کے چار فوجی جاں بحق ہوئے تھے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں