غزہ میں جنگ بندی مذاکرات کیلئے تیار ہیں : حماس

غزہ : (ویب ڈیسک ) فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے رہنما سامی ابو زہری نے کہا ہے کہ وہ غزہ میں جنگ بندی بات چیت کے لیے تیار ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ جنگ بندی معاہدہ اسرائیلی فوج کے مکمل انخلا سے مشروط ہوگا، غزہ میں جنگ بندی سے متعلق نئی تجاویز پر ثالثین کو جواب دے دیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حماس غزہ پر اسرائیلی جارحیت کو ختم کرنے والی کسی بھی تجویز کے لیے تیار ہے۔

قبل ازیں امریکا کی سینٹرل انٹیلی جنس ایجنسی (سی آئی اے) کے ڈائریکٹر بل برنس نے بھی غزہ میں 28 روزہ جنگ بندی کی تجویز پیش کی تھی۔

امریکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق بل برنس کی تجویز میں 8 مغویوں کی رہائی کے بدلے درجنوں فلسطینی قیدیوں کی رہائی شامل ہے۔

واضح رہے کہ اکتوبر 2023 سے اب تک غزہ میں اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 43 ہزار سے تجاوزکر گئی ہے جن میں زیادہ تر بچے اور خواتین شامل ہیں۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں