ماحول کی بہتری کیلئے سویڈن کے تجربات سے استفادہ چاہتے ہیں: مریم نواز
لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ ماحول کی بہتری کیلئے سویڈن کے تجربات سے مستفید ہونا چاہتے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف سے سویڈن کی سفیر الیگزینڈرابرگ وون لنڈے نے ملاقات کی، ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ تجارتی تعلقات کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔
اس موقع پر تعلیم، صحت، آئی ٹی، زراعت اور ماحولیات کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، سویڈش سفیر نے اقلیتی امور اور خواتین کے حقوق کے لئے حکومت پنجاب کے اقدامات کو سراہا۔
ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ مریم نواز کا کہنا تھا کہ سرمایہ کاری کے لئے سازگار ماحول ہے، انویسٹرز بے خوف و خطر سرمایہ کاری کریں، ماحول کی بہتری کیلئے سویڈن کے تجربات سے مستفید ہونا چاہتے ہیں، زراعت کے شعبے پر خصوصی توجہ ہے، کاشت کار کی معاونت کر رہے ہیں۔
سویڈش سفیر نے کہا کہ پنجاب میں سرمایہ کاروں کے لئے حالیہ اقدامات قابل تعریف ہیں، سویڈن کے سرمایہ کار پنجاب میں سرمایہ کاری کے لئے دلچسپی رکھتے ہیں۔
سویڈن کے اعزازی قونصل جنرل سید حیدر علی اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔