ضلع اورکزئی میں پولیو ٹیم کی حفاظت پرمامور پولیس ٹیم پرحملہ، 2 اہلکار شہید

پشاور: (دنیانیوز) خیبرپختونخوا کے ضلع اورکزئی میں پولیو ٹیم کی حفاظت پر مامور پولیس ٹیم پر حملے کے نتیجے میں 2 اہلکار شہید ہو گئے جبکہ جوابی فائرنگ سے 3 دہشتگرد مارے گئے۔

پولیس کے مطابق صبح کے وقت پولیو ٹیم کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکاروں پر دہشتگردوں نے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں ایک اہلکار شہید اور دوسرا زخمی ہوا تھا۔

پولیس کا کہنا تھا کہ بعد ازاں  زخمی ہونے والے پولیس اہلکار مزمل شاہ بھی جانبر نہ ہوسکا  جس کے بعد شہید اہلکاروں کی تعداد 2 ہو گئی۔

پولیس کے مطابق سرچ آپریشن اور جوابی فائرنگ کے دوران مقابلے میں 3 حملہ آور بھی مارے گئے ، حملہ آوروں نے پولیو ٹیم کی سکیورٹی پر مامور پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کی تھی۔

صدرآصف زرداری، بلاول بھٹو اور وزیر داخلہ کی اظہار مذمت

صدر مملکت آصف علی زرداری نے اورکزئی میں انسدادِ پولیو ٹیم پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انسدادِ پولیو ٹیم پر حملے میں پولیس اہلکاروں کی شہادت پر افسوس ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پولیس اہلکاروں نے بہادری سے لڑتے ہوئے 3 دہشت گردوں کو ہلاک کیا، آصف زرداری نے شہید پولیس اہلکاروں کی بہادری، جذبہ حب الوطنی کو سراہا اور ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

دریں اثنا، وزیرداخلہ محسن نقوی نے اورکزئی کے علاقے میں پولیو ٹیم پر دہشت گردوں کےحملےکی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے شہید ہونے والے 2 پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

محسن نقوی نے 3 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر پولیس اہلکاروں کو خراج تحسین بھی پیش کیا، انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکاروں نےجرات سے مقابلہ کرتے ہوئے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ پولیس اہلکاروں نے اپنی زندگیاں قربان کردیں لیکن پولیو ٹیم پر آنچ نہیں آنے دی، دہشت گردوں کا پولیو ٹیم پر حملہ پاکستان کے محفوظ مستقبل پر حملہ ہے، قوم بہادر پولیس اہلکاروں کو سلام پیش کرتی ہے۔

پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی پولیو ٹیموں پر حملوں کی مذمت اور تشویش کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ اپراورکزئی اور شمالی وزیرستان میں پولیو ٹیموں کی سکیورٹی پر مامور پولیس اہلکاروں پر حملے کھلی دہشتگردی ہے، ڈبوری بادان کلے میں پولیو ٹیم پرحملے میں شہید ہونے والے اہلکار قوم کے ہیرو ہیں۔

پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ خیبرپختونخواہ حکومت پولیو ٹیموں کی سکیورٹی اور مہم کی کامیابی کو یقینی بنائے، پولیو فری پاکستان شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا خواب تھا، اس خواب کو حقیت بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں