جوڈیشنل مجسٹریٹ ساؤتھ کا چھاپہ، 3 روز سے غیرقانونی حراست میں رکھے گئے 3 شہری بازیاب
کراچی: (دنیا نیوز) جوڈیشنل مجسٹریٹ ساؤتھ نے ایکسائز اینڈ نارکوٹکس کنٹرول تھانے پر چھاپہ مار کر تین روز سے غیرقانونی حراست میں رکھے گئے تین شہری بازیاب کرا لئے۔
عدالتی ذرائع کے مطابق مبینہ واردات میں ایف آئی اے اور پولیس کے بھی بعض اہلکار ملوث ہیں، 27 اکتوبر کی سہہ پہر ساڑھے 4 بجے شہری مشتاق میرانی کو سٹی کورٹ کے باہر سے اغوا کیا گیا۔
آئینی درخواست کے مطابق مشتاق کے ہمراہ محمد بشیر اور عارف کو بھی اغوا کیا گیا، واردات ایف آئی اے کے افسر احمد خان نے دیگرساتھیوں کے ہمراہ کی، مغویوں کو شہر کے مختلف تھانوں میں منتقل کر کے تشدد کا نشانہ بنایا جاتا رہا۔
درخواست کے مطابق ملزم سرکاری اہلکار مغویوں کو من پسند بیانات ریکارڈ کروانے پر مجبور کر رہے تھے، ملزم مغویوں کو بھاری تاوان کی وصولی اور جھوٹے مقدمات میں پھنسانے کی دھمکیاں دے رہے تھے۔
وکیل مدعی جعفرعباس جعفری کے مطابق مغویوں کو آخرمیں ایکسائز اینڈ نارکوٹکس کنٹرول ضلع جنوبی کے حوالات میں رکھا گیا، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ساؤتھ کے حکم پر جوڈیشل مجسٹریٹ نے کارروائی کی۔
جعفرعباس جعفری ایڈووکیٹ کے مطابق ایکسائز اینڈ کنٹرول کے حوالات سے تینوں افراد کو بازیاب کروالیا گیا، کوئی ایف آئی آر یا انٹری تھانے میں نہیں تھی، جوڈیشل مجسٹریٹ نے تھانہ انچارج اور اور دیگر کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔