ای سی سی سے منظوری کے بعد پاسکو سے گندم کی ترسیل کیلئے فارمولہ طے
اسلام آباد: (مدثر علی رانا) اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) سے منظوری کے بعد پاسکو سے گندم کی ترسیل کیلئے فارمولہ طے کر لیا گیا۔
گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور خیبرپختونخوا کیلئے گندم کا کوٹہ جاری کرنے کیلئے فارمولہ بنایا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پاسکو کے پاس مجموعی طور پر 26 لاکھ 98 ہزار ٹن گندم کے ذخائر موجود ہیں، 21 لاکھ 40 ہزار ٹن مقامی گندم، 5 لاکھ 54 ہزار ٹن درآمد گندم موجود ہے۔
پاسکو نے یوٹیلیٹی سٹورز کیلئے تقریباً 4 لاکھ 35 ہزار ٹن گندم کا ذخیرہ مختص کر رکھا ہے۔
ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا کیلئے 3 لاکھ ٹن، گلگت بلتستان کیلئے 98 ہزار ٹن گندم کا ذخیرہ مختص کیا گیا ہے، آزاد جموں کشمیر کیلئے ایک سال کیلئے ایک لاکھ 43 ہزار ٹن گندم کا ذخیرہ مختص ہے۔
پاسکو کا کہنا ہے کہ تمام سٹاک 50 فیصد مقامی اور 50 فیصد امپورٹڈ گندم سے جاری ہوں گے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے پاسکو کے ذخائر سے صوبوں کو ضروریات کے مطابق گندم کی فراہمی کی منظوری دی تھی۔