عمران خان کا اڈیالہ جیل میں طبی معائنہ، مکمل فٹ قرار
راولپنڈی: (دنیا نیوز) عدالتی حکم پر بنائے گئے میڈیکل بورڈ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو مکمل فٹ قرار دے دیا۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان کے طبی معائنے کے لیے ڈاکٹروں کی 4 رکنی ٹیم اڈیالہ جیل پہنچی، پمز ہسپتال کے 3 اور شوکت خانم ہسپتال کے ڈاکٹر عاصم یونس پر مشتمل ٹیم نے عمران خان کا طبی معائنہ کیا۔
معالجین نے عمران خان کی صحت کو تسلی بخش قرار دیا اور معمول کے کچھ مزید ٹیسٹ تجویز کیے، عمران خان کے طبی معائنے کی رپورٹ تیار کرکے اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش کی جائے گی۔
طبی معائنے کے بعد میڈیکل ٹیم اڈیالہ جیل سے واپس روانہ ہو گئی۔
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے طبی معائنے کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کی ہدایت کی تھی۔