خیبرپختونخوا حکومت کا اسلام آباد ایئرپورٹ پر جسد خاکی منتقلی ڈیسک کے قیام کیلئے خط

پشاور: (دنیا نیوز) ائیر پورٹ سے جسد خاکی کی مفت منتقلی کےلئے ایمبولینس سروس منصوبہ، خیبرپختونخوا حکومت نے اسلام آباد ائیرپورٹ پر جسد خاکی منتقلی ڈیسک کے قیام کے لئے خط لکھ دیا۔

خط میں بیرون ملک سے جسد خاکی منتقلی منصوبہ کیلئے میٹنگ کی درخواست کی گئی ہے، خط میں کہا گیا ہے کہ 3 ایمبولینسز کی پارکنگ، عملے کیلئے رہائش اور انفارمیشن ڈیسک چاہئے۔

ڈی جی ریسکیو ڈاکٹر ایاز کے مطابق بیرون ملک سے جسد خاکی منتقل کرنے کا منصوبہ آئندہ ماہ شروع کیا جائے گا، منصوبے کے تحت 9 کروڑ روپے کی لاگت سے 6 گاڑیاں خریدی جا رہی ہیں، اسلام آباد ایئر پورٹ، باچاخان انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر 3، 3 ایمبولینس 24 گھنٹےکھڑی رہیں گی۔

ڈاکٹر ایاز کے مطابق دونوں ایئر پورٹس پر ہیلپ ڈیسک قائم کیے جائیں گے، جسد خاکی ایئرپورٹس سے متعلقہ علاقوں تک پہنچانے کی سروس مفت ہوگی، بیرون ملک سے روزانہ 4 سے 5 جسد خاکی کے پی منتقل کیے جاتے ہیں۔

ڈی جی ریسکیو کا کہنا تھا کہ جسد خاکی بروقت منتقل کرنے میں لواحقین کو مشکلات ہوتی ہیں، گزشتہ سال کے دوران بیرون ملک سے 2 ہزار سے زیادہ جسد خاکی منتقل کیے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں