لندن میں پاکستان ہائی کمیشن کی گاڑی پر حملے کا مقدمہ درج، تحقیقات کا آغاز
لندن :(دنیا نیوز) مڈل ٹیمپل ان لندن کے باہر 29 اکتوبر کو پاکستان ہائی کمیشن کی گاڑی پر دھاوا بولنے کے معاملے پراہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔
سفارتی ذرائع کے مطابق برطانوی پولیس نے مقدمہ درج کرکے معاملے کی باضابطہ تحقیقات کا آغاز کر دیا، معاملے کو برطانیہ کے اعلیٰ ترین سفارتی حکام کے ساتھ اٹھائے جانے کے بعدمقدمہ درج کیا گیا ہے۔
دوسری جانب سفارتی ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ سفارتی گاڑی میں سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور انکی اہلیہ سوار تھے، معاملے کی تحقیقات مقامی قوانین کے مطابق کی جائیں گی۔
واضح رہے کہ 29اکتوبر کو سابق چیف جسٹس آف پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی گاڑی پر مڈل ٹیمپل میں پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے حملہ کیا گیا، چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اہلیہ سمیت جس گاڑی میں سوار تھے وہ پاکستانی سفارت خانے کی تھی۔