امریکا : مارکو روبیو کے وزیر خارجہ بنائے جانے کا امکان
واشنگٹن : (ویب ڈیسک ) امریکا کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے مارکو روبیو کو وزیر خارجہ بنائے جانے کا امکان ہے۔
امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ فلوریڈا سے تعلق رکھنے والے سینیٹر روبیو کے نام پر نومنتخب صدر ٹرمپ نے اتفاق کرلیا ہے جبکہ مائیکل والز کو قومی سلامتی مشیر بنائے جانے کی توقع ہے۔
مائیکل والز ڈونلڈ ٹرمپ کے قریبی ساتھی ہیں اور افغانستان کی جنگ لڑ چکے ہیں، وہ 5 نومبر کو ہوئے انتخابات میں رکن کانگریس منتخب ہوئے ہیں، ان کا تعلق بھی فلوریڈا ہی سے ہے۔
اس سے پہلے ڈونلڈ ٹرمپ اقوام متحدہ میں امریکی مندوب کے لیے ایلس اسٹیفانک کا نام تجویز کرچکے ہیں، اسٹیفانک کا تعلق نیویارک سے ہے اور وہ ڈونلڈ ٹرمپ کیلیے بڑی فنڈ ریزنگ کرتی رہی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق صدارت سنبھالتے ہی ڈونلڈ ٹرمپ کئی ایگزیکٹو آرڈر جاری کرنے کا بھی ارادہ رکھتے ہیں۔