ٹریفک حادثے میں زخمی ہونیوالے معروف فٹبالر ہسپتال میں دم توڑ گئے

کویٹو: (ویب ڈیسک) ایکواڈور کے انٹرنیشنل فٹبالر مارکو انگولو 22 برس کی عمر میں انتقال کر گئے، ان کے کلب نے فٹبالر کی موت کی تصدیق کر دی ہے ۔

تفصیلات کے مطابق مارکو انگولو گزشتہ ماہ کار حادثے میں شدید زخمی ہوئے تھے اور 7 اکتوبر سے ہسپتال میں زیر علاج تھے، یہ حادثہ ایکواڈور کے دارالحکومت کویٹو کے جنوبی علاقے میں پیش آیا تھا۔

ایکوڈور کی میڈیا رپورٹس کے مطابق، فٹبالر کو کئی آپریشنز سے گزرنا پڑا اور وہ ایک ہفتے سے زیادہ وقت تک انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں رہے، جہاں پیر کی رات ان کا انتقال ہوگیا۔

کلب ایل ڈی یو کویٹو نے منگل کی صبح جاری کردہ بیان میں کہا، "گہرے دکھ اور افسوس کے ساتھ ہم اپنے پیارے کھلاڑی مارکو انگولو کے انتقال کی اطلاع دے رہے ہیں، ہم ان کے خاندان اور عزیز و اقارب سے تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ ان کا انتقال ناقابل تلافی نقصان ہے جو ہمارے دلوں میں ہمیشہ کے لئے نقش ہو جائے گا۔"

مارکو انگولو ایم ایل ایس کلب ایف سی سنسناٹی کے مڈفیلڈر تھے اور انہوں نے مارچ میں ایل ڈی یو کویٹو میں بطور لون شمولیت اختیار کی تھی، انہوں نے کلب کے لئے 16 میچز کھیلے اور ان کا آخری میچ حادثے سے ایک دن قبل، 6 اکتوبر کو تھا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں