ذیابیطس کی بڑھتی شرح، ہمیں اپنی زندگی میں مثبت تبدیلیاں لانا ہوں گی: مریم نواز
لاہور: (دنیانیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ ذیابیطس کی بڑھتی ہوئی شرح کے پیشِ نظر ہمیں اپنی زندگی میں مثبت تبدیلیاں لانا ہوں گی۔
ذیابیطس سے آگاہی کے عالمی دن پر پیغام میں وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ ذیابیطس کی بڑھتی ہوئی شرح تشویشناک امرہے، شوگر کے موثر علاج اور مزید آگاہی کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب بھرمیں ”چیف منسٹر انسولین“پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، لاہور سمیت تین اضلاع میں چیف منسٹر انسولین فار آل پائلٹ پراجیکٹ شروع کیا جائے گا۔
مریم نواز نے کہا کہ ٹائپ ون ذیابیطس کے مریض بچوں کو گھر میں ہی انسولین مہیا کی جائے گی، مریض بچوں کو انسولین کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے خصوصی کارڈ بھی بنائے جائیں گے، حکومت پنجاب منظور شدہ کمپنی کولڈ چین اور دیگر ایس او پیز کے مطابق انسولین فراہم کرے گی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ذیابیطس ٹائپ ون کے مریض مخصوص ایپ یا ہیلپ لائن کے ذریعے اپلائی کر سکیں گے، ذیابیطس کی بڑھتی ہوئی شرح کے پیشِ نظر ہمیں اپنی زندگی میں مثبت تبدیلیاں لانا ہوں گی، متوازن غذا اور صحت بخش طرزِ زندگی اپنا کر ذیابیطس سے محفوظ رہا جا سکتا ہے۔