یو ایس ایڈ پروگرام کے اعلیٰ سطحی وفد کا پی ڈی ایم اے پنجاب کا دورہ
لاہور: (دنیا نیوز) یو ایس ایڈ پروگرام کے اعلیٰ سطح کے وفد نے پی ڈی ایم اے پنجاب کا دورہ کیا۔
وفد نے پنجاب میں ارلی وارننگ سسٹم، ڈیزاسٹر رسک ریڈکشن، موسمیاتی تبدیلیوں اور نقصانات بارے تبادلہ خیال کیا، ڈائریکٹر جنرل عرفان علی کاٹھیا نے وفد کو پی ڈی ایم اے کی ورکنگ بارے آگاہ کیا۔
ترجمان کے مطابق ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی نے بتایا کہ صوبائی کنٹرول روم میں تمام اضلاع کیساتھ 24 گھنٹے رابطے کو یقینی بنایا جاتا ہے، سموگ، سیلاب، ڈینگی، قحط سالی اور ہیٹ ویو سمیت تمام چیلنجز سے نمٹنے کیلئے پی ڈی ایم اے الرٹ ہے۔
عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ بارش فلڈ اور دیگر آفات بارے پیشگی وارننگز اور انتظامیہ کو الرٹ جاری کیے جاتے ہیں، سموگ کی روک تھام کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جا رہے ہیں، صوبے بھر میں سموگ کا باعث بننے والی سرگرمیوں پر پابندی عائد ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثرہ ممالک میں شامل ہے، آسمانی بجلی گرنے کے واقعات میں غیر یقینی اضافہ ہوا ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے پیش نظر متاثرہ خاندانوں کی مالی معاونت کی جا چکی ہے۔
وفد نے پاکستان میں رسک اسسمنٹ اور ارلی وارننگ سسٹم پر تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی، وفد نے بتایا کہ گلیشیئر پگھلنے، آسمانی بجلی گرنے کے واقعات شدید بارشیں موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث ہیں۔
یو ایس ایڈ وفد نے کہا کہ قدرتی آفات سے بچنے کے لئے پی ڈی ایم اے کو تمام تر ممکنہ معاونت فراہم کی جائے گی۔