پہلا ٹی 20: پاکستانی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت، آسٹریلیا کے ہاتھوں 29 رنز سے شکست

برسبین: (دنیا نیوز) پہلے ٹی 20 میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 29 رنز سے شکست دے دی۔

آسٹریلیا نے مقررہ 7 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 93 رنز بنائے، گلین میکسویل 19 گیندوں پر 43 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے اور مین آف دی میچ قرار پائے۔

میزبان ٹیم کی جانب سے ٹم ڈیوڈ 10، جیک فریزر 9 اور میتھیو شارٹ 7 رنز بنا سکے، مارکوس سٹونیئس 21 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان کی جانب سے عباس آفریدی نے 2، حارث رؤف اور نسیم شاہ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستانی بیٹرز کھیلنا بھول گئے اور یکے بعد دیگرے وکٹیں گنواتے رہے، پاکستان کی جانب سے صاحبزادہ فرحان 8، بابراعظم 3، عثمان خان 4، سلمان آغا 4، حسیب اللہ 12 اور شاہین آفریدی 11 رنز بنا کر پویلین چلتے بنے۔

قومی کپتان محمد رضوان، عرفان خان اور نسیم شاہ بغیر کھاتہ کھولے ہی پویلین لوٹ گئے۔

 آسٹریلیا کی جانب سے زیویئر بارٹلیٹ اور ناتھن ایلس نے3،3 جبکہ ایڈم زمپا نے 2 اور جانسن نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

خیال رہے کہ بارش کے باعث پہلا ٹی 20 میچ مقررہ وقت پر شروع نہ ہو سکا، میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے شروع ہونا تھا جو بارش کے باعث 3 بج کر 20 منٹ پر شروع ہوا، محدود وقت کے باعث میچ 7 اوورز تک محدود کردیا گیا تھا۔

آسٹریلوی سکواڈ:

آسٹریلیا کا سکواڈ جیک فریزر، میتھیو شارٹ، جوش انگلیس (کپتان)، گلین میکسویل، مارکس سٹوئنس، ایرون ہارڈی، زیویئر بارٹلیٹ، ناتھن ایلس، ایڈم زمپا اور اسپینسر جانسن پر مشتمل ہے۔

پاکستان کا سکواڈ:

پاکستانی سکواڈ میں بابر اعظم، محمد رضوان (کپتان)، صاحبزادہ فرحان، عثمان خان، سلمان آغا، عرفان خان، عباس آفریدی، شاہین شاہ آفریدی، حسیب اللہ خان، حارث رؤف اور نسیم شاہ شامل ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں