پنجاب اسمبلی میں زرعی انکم ٹیکس ایکٹ 2024 کثرت رائے سے منظور

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب اسمبلی میں مسودہ قانون ترمیم زرعی انکم ٹیکس پنجاب 2024ء منظور، اپوزیشن کی جانب سے پیش کی جانے والی تمام ترامیم کو مسترد کر دیا گیا۔

زرعی انکم ٹیکس پنجاب بل کی منظوری کے بعد لائیو سٹاک پر بھی ٹیکس لاگو کیا جائے گا، زرعی انکم ٹیکس کی منظوری کے بعد زیادہ آمدن والے اشخاص پر سپر ٹیکس لاگو کیا جائےگا، ترمیمی بل کے ذریعے زرعی زمین پر انکم ٹیکس کی چھوٹ ختم کی جائے گی۔

بل کے مطابق زرعی زمین کے ساتھ لائیو سٹاک سے کمائے جانے والی آمدن پر بھی ٹیکس لاگو کیا جائے گا، لائیو سٹاک پر ٹیکس بھی زرعی ٹیکس میں شمار کیا جائے گا، لائیو سٹاک کا تصور پنجاب لائیو سٹاک بریڈنگ ایکٹ 2014 کے مطابق ہو گا۔

سیکشن 8 میں ترمیم کے تحت زرعی ٹیکس نادہندہ کو ٹیکس رقم کا زیرو اعشاریہ ون فیصد ہر اضافی دن کا جرمانہ عائد ہو گا، بل کی منظوری کے بعد 12 لاکھ سے کم زرعی آمدنی والے زرعی ٹیکس نا دہندہ کو 10 ہزار جرمانہ بھی ہو سکے گا۔

بل کی منظوری کے بعد چار کروڑ سے کم زرعی آمدنی والے زرعی ٹیکس نا دہندہ کو 25 ہزار جرمانہ ہوسکے گا، بل کی منظوری کے بعد چار کروڑ سے زیادہ زرعی آمدنی والے زرعی ٹیکس نادہندہ کو 50 ہزار جرمانہ ہوگا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں