جوڈیشل مجسٹریٹ کا رانا ثناء اللہ کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا حکم معطل

گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) ایڈیشنل سیشن جج نے جوڈیشل مجسٹریٹ کا رانا ثناء اللہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا حکم معطل کر دیا۔

وارنٹ گرفتاری جوڈیشل مجسٹریٹ سدرہ نواز گل نے جاری کیے تھے، عدالت نے رانا ثناء اللہ کو گرفتار کر کے 12 دسمبر کو پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔

رانا ثناء اللہ نے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کے حکم کو ایڈیشنل سیشن جج سہیل انجم کی عدالت میں چیلنج کیا تھا، سیشن عدالت نے رانا ثناء کی درخواست منظور کرتے ہوئے وارنٹ گرفتاری معطل کیے اور مقدمہ کا ریکارڈ 21 دسمبر کو طلب کر لیا۔

رانا ثناء اللہ کے خلاف کار سرکار میں مداخلت اور پولیس اہلکاروں پر گاڑی چڑھانے کا مقدمہ درج ہے، مقدمہ اکتوبر 2020 میں تھانہ سیٹلائٹ ٹاؤن میں درج کیا گیا تھا، مقدمہ میں خرم دستگیر سمیت تین ملزمان پہلے ہی بری ہو چکے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں