ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان

اسلام آباد: (دنیا نیوز) آئندہ 24 گھنٹے کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اورخشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سرد اور مطلع ابرآلود رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیاتک ے مطابق شام یا رات میں بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر ہلکی بارش اور ہلکی برفباری ہو سکتی ہے۔

رپورٹ کے مطابق صبح کے اوقات میں شمال مشرقی، جنوبی پنجاب اور بالائی سندھ کے بعض مقامات پرہلکی سے درمیانی دُھند چھائے رہنے کی توقع ہے۔

آج لہہ میں منفی 9، گوپس، سکردو، بگروٹ منفی7، گلگت منفی 6، استور، ہنزہ اور کوئٹہ میں منفی 4 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔

دوسری جانب سائبیرین ہواؤں سے بلوچستان کے شمالی اور وسطی علاقوں میں سردی کی لہر برقرار ہے، بلوچستان کے کئی اضلاع میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے گر گیا، زیارت میں منفی 7 اور قلات میں منفی 6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں منفی 4، دالبندین اور نوکنڈی میں منفی 2 ، ژوب میں درجہ حرارت منفی ایک ریکارڈ کیا گیا۔

سائبیرین ہواؤں سے کوئٹہ سمیت صوبے کے بیشتر اضلاع میں خشک سردی پڑ رہی ہے، سردی بڑھنے کے بعد کوئٹہ شہر کے متعدد علاقوں میں گیس غائب ہے۔

نوا کلی، میکانگی روڈ، سریاب روڈ، کانسی روڈ، جان محمد روڈ سمیت کئی علاقوں میں گیس پریشر میں کمی کا مسئلہ درپیش ہے، گیس پریشر میں کمی سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں