عمران خان کو3 سال ملک سےباہرجانے کی آفردی گئی: صاحبزادہ حامد رضا
اسلام آباد:(دنیا نیوز) سربراہ سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ عمران خان کوتین سال ملک سےباہرجانےکی آفردی گئی۔
دنیا نیوز کے پروگرام’’دنیا مہربخاری کےساتھ‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے صاحبزادہ حامد رضا کا کہنا تھا کہ عمران خان سے ملاقات نہ کرانےکی ذمہ دارحکومت ہے،حکومتی مذاکراتی کمیٹی کی جانب سےملاقات کی یقین دہانی کرائی گئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان سے اڈیالہ جیل کےلان میں ملاقات کرائی جائے، جیل ملاقات کےدوران صرف چار لوگ بیٹھتے ہیں، باقی کھڑے ہوتے ہیں، بانی سے ملاقات کےدوران کیمرےبھی لگے ہوتے ہیں۔
سربراہ سنی اتحاد کونسل کا کہنا تھا کہ رانا ثنا اللہ نے کہا بانی سےملاقات کےدوران کاپی، پنسل ساتھ لے جایا کرے، میں نے رانا ثنا اللہ کوبتایا ہم اندر انگوٹھی بھی نہیں لے جاسکتے، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی بھی تلاشی ہوتی ہے۔
صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ ہم بانی سےکسی کمرے کےعلاوہ کھلےماحول میں ملاقات کرنا چاہتےہیں، ہمیں امید تھی پیر یا منگل تک ملاقات ہوجائے گی، رانا ثنا اللہ نے گزشتہ روزکہا تھا کل ملاقات ہو جائے گی، ان کے بیان کے بعد بھی ہماری ملاقات نہیں ہو سکی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے حکومت کو کہا تھا بانی سے کل ملاقات کرا دیں اگلے دن مذاکرات کر لیں، پہلے دن سے ہمارا موقف تھا حکومت کے پاس فیصلہ سازی کا اختیار نہیں ہے، حکومت نےہمیں باورکرایا کہ ان کےپاس اختیارہے، حکومتی مذاکراتی کمیٹی نےکہا بڑا بھائی بھی آن بورڈ ہے، حکومت ہماری ملاقات نہیں کراسکی ان کےپاس اختیارنہیں ہے۔
سربراہ سنی اتحاد کونسل نے کہا کہ سپیکرقومی اسمبلی کوبھی میسج کیا انہوں نےتاحال جواب نہیں دیا، ہم تو مذاکراتی کمیٹیوں کے طے کردہ طریقہ کار کو فالو کر رہے ہیں، بانی کو تین سال ملک سے باہر جانے کی آفردی گئی۔
صاحبزادہ حامد رضا کا مزید کہنا تھا کہ بطور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواعلی امین گنڈا پورکا رابطہ رہتا ہے، بانی کوآفرز حکومت سےبالا بالا آتی رہیں، بانی کا مطالبہ ہے پہلے میرے ورکرز کی رہائی ہونی چاہیے۔