ٹیکساس میں 23 مارچ کو یوم پاکستان کے طور پر تسلیم کرنے کی قرارداد منظور

ٹیکساس: (دنیا نیوز) امریکی ریاست ٹیکساس میں 23 مارچ کو یوم پاکستان کے طور پر تسلیم کرنے کی قرارداد منظور کر لی گئی۔
نیو یارک کی ریاستی اسمبلی کی جانب سے گزشتہ دنوں یوم پاکستان اور پاکستان بزنس ڈے کے حوالے سے 2 قراردادیں منظور کی گئیں، قرارداد میں پاکستانی کمیونٹی کی ٹیکساس میں سماجی، مذہبی، لسانی اور معاشی خدمات کا بھی اعتراف کیا گیا۔
سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ نے ٹیکساس اسمبلی کی جانب سے یوم پاکستان کے حوالے سے قرارداد منظور کرنے کا خیر مقدم کیا۔
پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا کہ مختلف ریاستوں میں یوم پاکستان کے حوالے سے قراردادوں کی منظوری ریاستی سطح پر پاک امریکا تعلقات خصوصاً معاشی تعلقات کے فروغ کے حوالے سے انتہائی حوصلہ افزا پیش رفت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسی قراردادوں کی منظوری کا سلسلہ دیگر ریاستوں خصوصاً ایسی ریاستوں جہاں پاکستانی کمیونٹی کثیر تعداد میں موجود ہے تک بڑھایا جائے گا۔
قونصل جنرل محمد آفتاب چودھری کی سپیکر ٹیکساس اسمبلی ڈسٹن بروز سے ملاقات ہوئی جس میں قرارداد کی منظوری میں ان کے کردار پر شکریہ ادا کیا، قونصل جنرل نے سپیکر ٹیکساس کو ریاستی نمائندوں اور تاجروں کے وفد کے ہمراہ پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔
بعد ازاں، انہوں نے ریاستی نمائندے ڈاکٹر سلیمان لالانی کی طرف سے ٹیکساس کیپیٹل میں مقننہ کے دونوں ایوانوں کے اراکین اور مقامی معززین کے اعزاز میں دی گئی افطار میں بھی شرکت کی۔