اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس: مختلف وزارتوں اور ڈویژنز کی تکنیکی ضمنی گرانٹس کی منظوری
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت ای سی سی اجلاس مختلف وزارتوں اور ڈویژنز کی تکنیکی ضمنی گرانٹس کی منظوری کیلئے سمریوں اور دیگر امور پر غور کیا گیا۔
وزارت خزانہ کیلئے 1.259 ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ منظور کر لی گئی، رقم گندم کے بیج کی نقد ادائیگی پروگرام کے غیر استعمال شدہ فنڈز کی مد میں حکومت سندھ کو واپس کی جائے گی۔
اجلاس میں وزارت خزانہ کیلئے 5.6 ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی گئی جس کی رقم اے ڈی بی کے وومن انکلوسیو فنانس پراجیکٹ کے مساوی فنڈز کی فراہمی کیلئے استعمال کی جائے گی۔
.jpg)
وزارت داخلہ و انسداد منشیات کیلئے 231.893 ملین روپے کی گرانٹ منظور کی گئی جس کی رقم سول آرمڈ فورسز کی اضافی مالی ضروریات کیلئے استعمال کی جائے گی۔
وزارت داخلہ کیلئے 64 ملین روپے کی ایک اور تکنیکی ضمنی گرانٹ کی بھی منظوری دی گئی، گرانٹ پی ڈبلیو ڈی سے سی ڈی اے کو منتقل کئے گئے عملے کے اخراجات کی مد میں دی جائے گی۔
اجلاس میں وزارت پارلیمانی امور کیلئے 50 ملین روپے کی گرانٹ منظور کی گئی جس کی رقم پلڈاٹ کو جمہوریت کے فروغ، گورننس اور عوامی پالیسی پر توجہ کیلئے دی جائے گی۔
پٹرولیم ڈویژن کیلئے 90 ملین روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی گئٰ، رقم صوبہ پنجاب میں گیس سکیموں کے نفاذ کیلئے خرچ کی جائے گی۔
وزارت تخفیف غربت و سماجی تحفظ کیلئے 100 ملین روپے کی گرانٹ منظور کی گئی، رقم ایس او ایس چلڈرن ولیجز پاکستان کو گرانٹ کی صورت میں دی جائے گی۔
اجلاس میں وزارت اطلاعات و نشریات کیلئے 1.889 ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ منظور کی گئی، گرانٹ اشتہاری واجبات اور دیگر اخراجات کی ادائیگی کیلئے دی جائے گی۔
وزارت ہاؤسنگ و تعمیرات کیلئے 2.150 ارب روپے کی ضمنی گرانٹ منظور کی گئی، گرانٹ پی آئی ڈی سی ایل کو صوابی کی ترقیاتی سکیموں کے نفاذ کیلئے منتقل کی جائے گی۔
اجلاس میں وزارت دفاع کیلئے 1.70 ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی گئی، گرانٹ آئی ایس پی آر کی تکنیکی اپ گریڈیشن کیلئے دی جائے گی۔