توڑ پھوڑ کیس: پی ٹی آئی رہنماؤں کی بریت کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ

اسلام آباد: (کورٹ رپورٹر) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں کے خلاف احتجاج اور توڑ پھوڑ کے مقدمات میں پی ٹی آئی رہنماؤں کی بریت کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں کے خلاف احتجاج اور توڑ پھوڑ کے مقدمات کی سماعت ہوئی، جوڈیشل مجسٹریٹ شہزاد خان نے تھانہ کراچی کمپنی میں درج دو مقدمات کی سماعت کی۔
سماعت کے دوران پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان، عمر ایوب، علی بخاری، شعیب شاہین اور عامر ڈوگر عدالت میں پیش ہوئے، وکلاءِ صفائی نے تمام رہنماؤں کی جانب سے بریت کی درخواستوں پر دلائل مکمل کر لیے۔
عدالت نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد بریت کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کر لیا جو آج دوپہر تین بجے سنائے جانے کا امکان ہے۔
یاد رہے کہ یہ مقدمات پی ٹی آئی کے احتجاجی مظاہروں کے دوران مبینہ توڑ پھوڑ اور امن عامہ میں خلل ڈالنے سے متعلق ہیں جن میں متعدد رہنماؤں کو نامزد کیا گیا تھا۔