امریکا کا روس پر سخت پابندیوں سے متعلق بل پر مؤقف کانگریس کو بتانے کا اعلان

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکا نے روس پر سخت پابندیوں سے متعلق بل پر مؤقف کانگریس کو بتانے کا اعلان کر دیا۔

عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق امریکی تجارتی نمائندے جیمیسن گریئر نے کہا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ جلد کانگریس کو اس بل کے حوالے سے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا موقف بتائے گی، جس میں روس پر پابندیاں مزید سخت کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق سماعت میں لوئزیانا سے سینیٹر جان کینیڈی نے سوال اٹھایا کہ صدرڈونلڈ ٹرمپ نے کانگریس کو اس بل کی منظوری کی اجازت کیوں نہیں دی، جواب میں گریئر نے کہا کہ وہ وائٹ ہاؤس کے حکام سے مشاورت کریں گے اور کانگریس کو اس بارے میں تازہ پیش رفت سے آگاہ کریں گے۔

یہ بل رواں سال اپریل میں ریپبلکن سینیٹر لینڈسے گراہم اور ڈیموکریٹ سینیٹر رچرڈ بلومنتھال کی قیادت میں دو جماعتی گروپ نے پیش کیا تھا، مجوزہ مسودے میں روس کے ساتھ تجارت کرنے والے ممالک پر ثانوی پابندیوں کی تجویز دی گئی ہے، جن میں اُن ممالک سے امریکا میں درآمدات پر 500 فیصد تک ٹیکس نافذ کرنے کا عندیہ شامل ہے جو روس سے تیل، گیس، یورینیم اور دیگر مصنوعات خریدتے ہیں۔

ادھر سینیٹ کے اکثریتی حمایت یافتہ رہنما جان تھون یہ واضح نہیں کر سکے کہ آیا ایوان بالا اس بل کو سال کے اختتام سے قبل منظور کرے گا یا نہیں، روس نے بھی اس معاملے پر سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے، 17 نومبر کو کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے کہا کہ روس بل کی منظوری کو انتہائی منفی طور پر لے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں