روس کا ڈالر کے متبادل کرنسی کی تلاش جاری رکھنے کا اعلان

ماسکو: (ویب ڈیسک) روس نے ڈالر کے متبادل کی تلاش جاری رکھنے کا اعلان کر دیا۔

عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے روسی قانون ساز اسمبلی کے ایوان بالا فیڈریشن کونسل سے خطاب میں کہا کہ جب امریکا اور اس کے اتحادی ممالک نے روس کے خلاف پابندیاں عائد کرتے ہوئے غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر کی اس کرنسی کو سیاسی ہتھیار کے طور پر استعمال کرتے ہوئے روس کو اس سے علیحدہ کر دیا تو اس وقت روس کو ادائیگیوں کے متبادل پلیٹ فارمز کی تلاش کرنا پڑی۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ روسی وزیر خارجہ نے یاد دلایا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے اقتدار کی دوسری مدت کے دوران اپنے سرکاری بیانات میں بنیادی طور پر ڈالر کے تسلط کو چیلنج کرنے پر برکس پر سخت تنقید کی تھی۔

ان کی تنقید کے جواب میں روس کے صدر ولادی میر پیوٹن نے واضح کیا کہ ہم نے ڈالر کو مسترد نہیں کیا بلکہ حقیقت یہ ہے کہ عالمی ریزرو کرنسی کے طور پر ڈالر کی حیثیت کا غلط استعمال کرتے ہوئے اور اسے سیاسی ہتھیار کے طور پر استعمال کرتے ہوئے صرف روس کو ڈالر سے کاٹ دیا گیا۔

سرگئی لاوروف نے کہا کہ اسی لئے ہمیں ادائیگی کے متبادل پلیٹ فارم تلاش کرنا ہوں گے اور ہم یہ کام جاری رکھیں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں