بانی پی ٹی آئی کے بیٹے بتائیں کس حیثیت میں پاکستان پر تنقید کر رہے ہیں؟ عطا تارڑ
لاہور:(دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کےبیٹےکس حیثیت میں پاکستان پر تنقید کر رہے ہیں۔
دنیا نیوز کے پروگرام ’دنیا مہر بخاری کے ساتھ ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ اڈیالہ جیل کوئی جلسہ گاہ نہیں،جیل کےباہرسڑکیں بلاک کی جاتی ہے، قانون کی پاسداری تمام لوگوں کےلیےلازم ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ کوئی بھی سڑک بند کرے گا تو قانونی کارروائی ہوگی،شیخ وقاص اکرم اور ان کےایم این ایزجیل کے باہرنہیں جاتے، اب لوگ ان کےجلسوں میں نہیں جاتے۔
وفاقی وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ ملاقات کی اجازت کسی کی خواہش کےمطابق نہیں ہوگی، جیل رولز کی خلاف ورزی ہوگی تو ملاقات نہیں ہو گی، جیل کوئی سیاسی آفس یا پنچایتی ڈیرہ نہیں ہے، نوازشریف کی بیٹی کو اُن کے سامنے گرفتار کیا گیا، اِس معاملے پر ہم کسی کو بین الاقوامی سطح پرجوابدہ نہیں۔
عطا تارڑ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے بیٹوں کے پاس پاکستانی نیشنیلٹی بھی نہیں ہے، جلسے،جلسوں کےلیےغریب کا بچہ اوربانی کے بیٹے ویزہ مانگ رہےہیں، لوگوں کے بچوں کو کہتے ہیں باہرنکلو۔
اُن کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی دورمیں نوازشریف کی تین ماہ ملاقات بند رہی، نوازشریف کےذاتی معالج کی بھی تین ماہ ملاقات نہیں ہوئی تھی، بانی پی ٹی آئی کےبیٹے پاکستانی شہری نہیں ہے، بانی پی ٹی آئی کے بیٹے کس حیثیت میں پاکستان پر تنقید کر رہے ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات نے کہا کہ پی ٹی آئی سےبات چیت تب ہوگی جب بانی پی ٹی آئی کےبیانیےکو ترک کریں گے، تحریک انصاف والے کہتے ہیں بانی کے بیانیے کے ساتھ نہیں چل سکتے۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی والے کہتےہیں اِن سےسیاسی بوجھ نہیں اٹھایا جارہا، تحریک انصاف نےمذاکرات کےلیےآفیشلی رابطہ نہیں کیا، بانی پی ٹی آئی کو جیل میں تمام سہولیات میسر ہیں، سہیل آفریدی کا رویہ بہت تبدیل ہوا ہے۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ این ایف سی کی میٹنگ میں بھی سہیل آفریدی آئےتھے، سہیل آفریدی اب امن وامان کے حوالے سے بھی بات کر رہے ہیں۔