کراچی: کیماڑی کے مختلف علاقوں میں پولیس اور رینجرز کا مشترکہ آپریشن، 14 مشکوک افراد گرفتار
کراچی: (دنیا نیوز) کیماڑی کے مختلف مقامات پر پولیس اور رینجرز نے مشترکہ سرچ آپریشن کیا۔
پولیس حکام نے بتایا کہ پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری علاقوں میں داخل ہوئی، سرچ آپریشن جرائم پیشہ عناصر کی موجودگی پر کیا گیا، داخلی و خارجی راستوں کو سیل کر کے گھروں کی تلاشی لی گئی، آپریشن میں کیماڑی پولیس کی خواتین اہلکار بھی موجود تھیں۔
پولیس حکام نے مزید بتایا کہ بند مشکوک مقامات اور ہوٹلوں کو مکمل طور پر چیک کیا گیا، چائے کے ہوٹلوں پر بیٹھے مشکوک افراد کا مجرمانہ ریکارڈ چیک کیا گیا، سرچ آپریشن میں شیر شاہ، مدینہ کالونی اور بلدیہ کے علاقے شامل ہیں۔
14 مشتبہ و مشکوک افراد کو حراست میں لیا گیا، زیر حراست لئے جانے والے افراد کا مجرمانہ ریکارڈ چیک کیا جارہا ہے، تین جرائم پیشہ ملزمان کو شیر شاہ کے علاقے سے گرفتار کیا گیا، ملزمان سے اسلحہ اور منشیات برآمد کر لی گئی۔
ملزمان کی شناخت عامر، ریاض اور ماجد کے نام سے ہوئی، ملزمان کو تھانے منتقل کردیا گیا ہے، مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔