ڈنمارک کی وزیراعظم کا گرین لینڈ کیلئے امریکی خصوصی ایلچی کی تقرری پر سخت ردعمل
کوپن ہیگن: (ویب ڈیسک) ڈنمارک کی وزیراعظم کا گرین لینڈ کیلئے امریکی خصوصی ایلچی کی تقرری پر سخت ردعمل سامنے آگیا۔
عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ڈنمارک کی وزیراعظم میٹ فریڈرکسن نے امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے گرین لینڈ کے لئے خصوصی ایلچی کی تقرری پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ ہمارے اتحادی ہمیں مشکل صورتحال میں ڈال رہے ہیں، سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں میٹ فریڈرکسن نے کہا کہ گرین لینڈ فروخت نہیں کیا جائے گا اور اس کے مستقبل کا فیصلہ اس کے باشندے کریں گے۔
گرین لینڈ کے وزیراعظم جینس فریڈرک نیلسن نے مشترکہ طور پر ایک بیان پر دستخط کئے ہیں جس میں اس امید کا اظہار کیا گیا کہ ڈنمارک کی علاقائی سالمیت کا احترام کیا جائے گا۔
یورپی کمیشن کی صدر ارسولا وان ڈیر لیین نے کہا ہے کہ آرکٹک سکیورٹی یورپی یونین کی اولین ترجیح ہے، علاقائی سالمیت اور خودمختاری بین الاقوامی قانون کے بنیادی اصول ہیں اور یورپی یونین مضبوطی سے ڈنمارک اور گرین لینڈ کے لوگوں کے ساتھ کھڑی ہے۔
واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے 21 دسمبر کو امریکی ریاست لوزیانا کے گورنر جیف لینڈری کی گرین لینڈ کے لیے امریکی خصوصی ایلچی کے طور پر تقرری کا اعلان کیا تھا، جیف لینڈری نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ کیا کہ وہ گرین لینڈ کو امریکا کا حصہ بنانے کے لئے کام کریں گے۔