سکیورٹی فورسز کا باجوڑ میں آپریشن، بھارتی سپانسرڈ 5 دہشتگرد ہلاک، میجر شہید
راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سکیورٹی فورسز نے خفیہ آپریشن کے دوران بھارتی حمایت یافتہ 5 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے ضلع باجوڑ کے علاقے خار میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، کارروائی فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کی گئی۔
شدید فائرنگ کے تبادلے میں بھارتی حمایت یافتہ 5 دہشت گرد جہنم واصل ہو گئے، فائرنگ کے تبادلے میں میجر عدیل زمان بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہو گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مارے گئے خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا، ہلاک دہشت گرد سکیورٹی فورسز پر حملوں اور معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق شہید میجر عدیل زمان کا تعلق ڈیرہ اسماعیل خان سے ہے۔
شہید میجر عدیل نے اپنے خون سے جرأت و شجاعت کی تاریخ لکھی: محسن نقوی
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے باجوڑ کے علاقے میں بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے میجر عدیل زمان کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ شہید میجر عدیل زمان نے دلیری سے 5 بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا، میجر عدیل زمان نے جان دے کر بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملایا۔
وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ شہید میجر عدیل نے اپنے خون سے شجاعت اور جرات کی تاریخ لکھی، شہید میجر عدیل جیسے بہادر سپوتوں پر قوم کو ناز ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ قوم شہداء اور ان کے خاندانوں کے قرض کو کبھی نہیں اتار سکتی، وزیرداخلہ نے شہید میجر عدیل کے خاندان سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا۔
وزیراعظم کی 5 خوارج کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پذیرائی
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے باجوڑ کے علاقے خار میں فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے خوارج کے خلاف کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا، وزیراعظم نے آپریشن میں 5 خوارج کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پذیرائی کی۔
شہباز شریف نے آپریشن کے دوران جام شہادت نوش کرنے پر میجر عدیل زمان کو خراج عقیدت پیش کیا، وزیر اعظم نے میجر عدیل زمان کی بلندئ درجات کی دعا اور ان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ آپریشن عزم و استحکام کے تحت سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں، پوری قوم دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں پاکستان کی افواج کے ساتھ کھڑی ہے، ملک کو ہر قسم کی دہشت گردی سے پاک کریں گے۔