ہری پور: تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے معمر شخص جاں بحق
ہری پور: (دنیا نیوز) ہری پور میں جی ٹی روڈ پر تیزرفتار گاڑی کی ٹکر سے معمر شخص جاں بحق ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق معمر شخص سڑک عبور کررہا تھا، تیز رفتار گاڑی نے ٹکر مار دی، حادثہ اس قدر شدید تھا کہ راہگیر موقع پر ہی دم توڑ گیا، جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت 70 سالہ علی زرگل کے نام سے ہوئی ہے، جو امازئی کا رہائشی تھا۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ گاڑی انتہائی تیز رفتاری سے آرہی تھی اور ڈرائیور نے سڑک پر موجود راہگیر کو بروقت نہیں دیکھا، جس کے باعث یہ المناک حادثہ پیش آیا۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی، ریسکیو اہلکاروں نے ابتدائی کارروائی مکمل کرنے کے بعد جاں بحق ہونے والے شخص کی لاش کو ہسپتال منتقل کر دیا، ریسکیو حکام کے مطابق متوفیٰ کی عمر زیادہ ہونے کے باعث چوٹوں کی تاب نہ لاتے ہوئے جان کی بازی ہار گیا۔
پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے حادثے کی تحقیقات شروع کر دی جبکہ گاڑی اور اس کے ڈرائیور کی تلاش جاری ہے، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔