دنیا کا سب سے موٹا اور وزنی انسان 41 برس کی عمر میں چل بسا

میکسیکو سٹی: (ویب ڈیسک) دنیا کے سب سے موٹے شخص کے طور پر پہچانے جانے والے میکسیکو کے جوآن پیڈرو فرانکو 41 سال کی عمر میں انتقال کرگئے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ان کی موت گردوں کے شدید انفیکشن کے باعث ہوئی، جس کے بعد وہ زندگی کی بازی ہار گئے۔

رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ جوآن پیڈرو فرانکو کچھ عرصے سے شدید انفیکشن میں مبتلا تھے اور اسپتال میں زیرِ علاج تھے، تاہم علاج کے باوجود ان کی حالت مسلسل بگڑتی چلی گئی۔ بالآخر گردوں کے انفیکشن نے ان کی جان لے لی۔

گنیز ورلڈ ریکارڈ کے مطابق جوآن پیڈرو فرانکو کو 2017 میں دنیا کا سب سے وزنی زندہ انسان قرار دیا گیا تھا، جب ان کا وزن 1,322 پاؤنڈ، یعنی تقریباً 600 کلوگرام تک پہنچ چکا تھا۔ اس غیر معمولی وزن کے باعث وہ طویل عرصے تک بستر تک محدود رہے اور روزمرہ زندگی کے معمولات انجام دینا ان کے لیے انتہائی مشکل ہو گیا تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق زندگی میں بہتری کی امید کے تحت جوآن پیڈرو نے وزن کم کرنے کا فیصلہ کیا۔ اس مقصد کے لیے انہوں نے سرجری کروائی اور سخت ڈائیٹنگ کا آغاز کیا، جس کے نتیجے میں ان کے وزن میں بتدریج کمی آئی۔ بتایا جاتا ہے کہ وہ 600 کلوگرام سے وزن کم کرکے 590 کلوگرام تک لے آنے میں کامیاب ہوگئے تھے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں