عالمی سطح پر الیکٹرک گاڑیوں کی فروخت، چینی کمپنی نے ٹیسلا کو پیچھے چھوڑ دیا
بیجنگ: (ویب ڈیسک) گاڑیاں بنانے والی چینی کمپنی بی وائے ڈی نے سال 2025 میں الیکٹرک گاڑیوں کی فروخت کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔
کمپنی کے بیان کے مطابق بی وائے ڈی نے گزشتہ سال 22 لاکھ 60 ہزار الیکٹرک گاڑیاں فروخت کیں جو دنیا بھر میں کسی بھی کمپنی کی جانب سے اب تک کی سب سے زیادہ فروخت ہے۔
یہ اعداد و شمار بی وائے ڈی کو اس پوزیشن میں لے آئے ہیں کہ وہ پہلی بار سالانہ بنیادوں پر ہونے والی فروخت میں امریکی کمپنی ٹیسلا کو پیچھے چھوڑ دے، ٹیسلا نے ستمبر 2025 کے اختتام تک 12 لاکھ 20 ہزار الیکٹرک گاڑیوں کی فروخت کا اعلان کیا تھا تاہم کمپنی کی مکمل سالانہ رپورٹ جمعے کو متوقع ہے۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق بی وائے ڈی نے یہ ڈیٹا ہانگ کانگ اسٹاک ایکسچینج کو جاری بیان میں فراہم کیا، امریکا میں بی وائے ڈی اور دیگر چینی کمپنیوں کو بھاری ٹیرف کا سامنا ہے تاہم جنوب مشرقی ایشیا، مشرق وسطیٰ اور یورپ میں اس کی فروخت بڑھ رہی ہیں۔
واضح رہے کہ 2024 میں ٹیسلا نے معمولی برتری کے ساتھ بی وائے ڈی کو پیچھے چھوڑا تھااور ایک سال کے دوران 17 لاکھ 90 ہزار الیکٹرک گاڑیاں فروخت کی تھیں جبکہ بی وائے ڈی نے 17 لاکھ 60 ہزار الیکٹرک گاڑیاں فروخت کی تھیں۔