صدر مملکت سے یو اے ای کے وزیرِ رواداری اور بقائے باہمی کی ملاقات

ابوظہبی: (دنیا نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری سے متحدہ عرب امارات کے وزیرِ رواداری اور بقائے باہمی شیخ نہیان بن مبارک النہیان کی ملاقات ہوئی۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے متحدہ عرب امارات کے وزیرِ رواداری سے ملاقات کے دوران رواداری اور بقائے باہمی کے عزم کا اعادہ کیا، ملاقات میں مکالمے کے فروغ، شمولیت اور پُرامن بقائے باہمی کی اہمیت پر زور دیا گیا۔

آصف علی زردری نے شیخ محمد بن زاید النہیان کی بصیرت افروز قیادت کو خراجِ تحسین پیش کیا، صدر آصف علی زرداری نے شیخ محمد بن زاید النہیان کے رواداری اور انسانی اخوت کے حوالے سے متحدہ عرب امارات کے قومی وژن کو سراہا۔

صدر مملکت نے 200 سے زائد قومیتوں کے درمیان اتحاد اور باہمی احترام کے فروغ میں متحدہ عرب امارات کی کامیابی کو سماجی ہم آہنگی کا ایک متاثر کن نمونہ قرار دیا۔

اس موقع پر خاتونِ اول آصفہ بھٹو زرداری، رکنِ قومی اسمبلی اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، وفاقی وزیرِ داخلہ و انسدادِ منشیات سید محسن نقوی اور متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر بھی موجود تھے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں