سانحہ گل پلازہ: عدالتی کمیشن کیلئے رجسٹرار سندھ ہائیکورٹ کا سیکرٹری داخلہ کو جوابی خط ارسال
کراچی: (دنیا نیوز) سانحہ گل پلازہ کی تحقیقات کیلئے عدالتی کمیشن کے قیام کے معاملہ پر رجسٹرار سندھ ہائیکورٹ نے سیکرٹری داخلہ کو جوابی خط ارسال کردیا۔
چیف جسٹس کی ہدایت پر عدالتی کمیشن کے قیام کیلئے ٹی او آر طلب لئے گئے، خط کے متن کے مطابق سیکرٹری داخلہ انکوائری کمیشن کیلئے ٹی او آر سندھ ہائیکورٹ کو ارسال کریں۔
گورنر سندھ کے خط کے جواب میں سندھ ہائیکورٹ نے گورنر کے پرنسپل سیکرٹری کو جوابی خط ارسال کردیا، گورنر کا خط انکوائری کمیشن سے متعلق سپریم کورٹ کے 2023 کے فیصلے کے مطابق نہیں، درخواست کی منظوری اس وقت تک ممکن نہیں جب تک قانونی طریقہ کار کو اختیار نہ کیا جائے۔
عوامی اہمیت کے معاملات میں باضابطہ انکوائری کا طریقہ کار یہ ہے کہ حکومت کسی جج یا قانونی ماہر کی تقرری کرے۔
سانحہ میں جاں بحق 79 افراد میں سے 69 کی میتیں ورثا کے حوالے کردی گئیں، کمشنر کراچی کا کہنا ہے دیگر 10 لاشوں میں سے 3 کا ڈی این اے کیا جا رہا ہے، سات افراد کے ورثا کی تلاش ہے۔