کشمیری عوام آزادی کا سورج جلد دیکھیں گے: مریم نواز شریف
لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ ان شاء اللہ کشمیری عوام آزادی کا سورج جلد دیکھیں گے۔
یومِ یکجہتی کشمیر پر اپنے پیغام میں وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ ہر پاکستانی کے دل میں کشمیر کی محبتِ لہو بن کر دوڑتی ہے، جانوں کا نذرانہ دے کر حقِ خودارادیت کی شمع روشن رکھنے والے کشمیری شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سات دہائیوں سے بھارتی سفاکیت کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے والے کشمیریوں کو سلام پیش کرتے ہیں، بھارتی بربریت نے جنت نظیر وادی کو جیل بنا دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ اور دیگر عالمی ادارے کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کے خلاف اپنا قانونی کردار ادا کریں، مسئلہ کشمیر کے پائیدار حل تک خطے میں پائیدار امن خواب ہی رہے گا،مظلوم کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
مریم نواز شریف نے مزید کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا، ہر عالمی فورم پر کشمیری عوام کے حق میں آواز بلند کرتے رہیں گے،ان شاءاللہ کشمیری عوام آزادی کا سورج جلد دیکھیں گے۔