کراچی کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور ژالہ باری

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری بھی ریکارڈ کی گئی۔

بارش کے بعد یونیورسٹی روڈ پر سمامہ شاپنگ مال کے سامنے سڑک پر پانی کھڑا ہو گیا جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔

اسی طرح یونیورسٹی روڈ سے گلستانِ جوہر جانے والی سڑک پر گڑھوں کے باعث پانی جمع ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، انتظامیہ کی جانب سے نکاسیٔ آب کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

دوسری جانب ملیر ہالٹ، رفاہِ عام اور ملحقہ علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی جبکہ تیز ہوائیں بھی چلتی رہیں، ملیر کینٹ میں تیز بارش کے ساتھ ژالہ باری بھی دیکھنے میں آئی جبکہ گلستانِ جوہر میں بھی کہیں کہیں ژالہ باری کی اطلاعات ملیں۔

اسی طرح سکیم 33 اور ملحقہ علاقوں میں بارش کے دوران ژالہ باری ہوئی، جبکہ گلشنِ جمال اور اطراف میں بھی بارش اور ژالہ باری ریکارڈ کی گئی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں