امریکی صدر کی ایران پر حملے کی دھمکی، تیل کی قیمتوں میں اضافہ

واشنگٹن: (دنیا نیوز) صدر ٹرمپ کی ایران کو10 دن کی مہلت کے بعد تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا۔

وال سٹریٹ جنرل کے مطابق تیل کی قیمت میں 2.19 فیصد اضافہ ہوا، میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ امریکی صدر کے بیان کے بعد امریکی سٹاک مارکیٹ میں مندی کا رجحان رہا، نیسڈیک، ڈی جے آئی انڈیکس 0.9 فیصد گر گئی۔

امریکی میڈیا نے مزید بتایا کہ سونے کی قیمت میں بھی اضافہ ہوگیا، سرمایہ کار کرپٹو کرنسی میں سرمایہ کاری کرنے لگے۔

واضح رہہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر خبردار کیا تھا کہ 10 دن میں ایران کے بارے میں پتہ چل جائے گا، ایران کو کسی صورت ایٹمی ہتھیار رکھنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، معاہدہ نہ کیا تو نتائج برے ہوں گے۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ مشرق وسطی میں امن کے لیے ایران کو ایٹمی ہتھیار نہیں رکھنے دیں گے، ایران کے پاس جوہری ہتھیار ہوں گے تو خطے میں امن ممکن نہیں ہوگا۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ اچھی بات چیت ہو رہی ہے، بامعنی معاہد کرنا چاہتے ہیں، تقریباً 10 دنوں میں ایران کے بارے میں پتا چل جائے گا، ہمیں ایران کے ساتھ کچھ کام کرنا ہے، ایران کو معاہدہ کرنا پڑے گا ورنہ نتائج برے ہوں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں