ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی سدرہ امین کی سرزنش

دبئی: (دنیا نیوز) پاکستان ویمن ٹیم کی بلے باز سدرہ امین کو جنوبی افریقا کے خلاف پہلے ون ڈے میچ میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر آئی سی سی کی جانب سے سرزنش کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

آئی سی سی اعلامیے کے مطابق بلوم فونٹین میں کھیلے گئے میچ میں سدرہ امین نے کھلاڑیوں اور سپورٹ اسٹاف کے لیے مقررہ ضابطہ اخلاق کے آرٹیکل 2.2 کی خلاف ورزی کی، جو میچ کے دوران کرکٹ سامان یا گراؤنڈ کے آلات کے ساتھ نامناسب رویے سے متعلق ہے۔

واقعہ پاکستان کی اننگز کے 24ویں اوور میں پیش آیا جب آؤٹ ہونے کے بعد سدرہ نے غصے میں اپنا بلا زمین پر دے مارا، اس حرکت پر انہیں آفیشل سرزنش کے ساتھ ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی دیا گیا۔

گزشتہ 24 ماہ کے دوران یہ ان کی دوسری خلاف ورزی ہے، جس کے بعد ان کے مجموعی ڈی میرٹ پوائنٹس کی تعداد دو ہو گئی ہے، اس سے قبل انہیں آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈکپ 2025 میں بھارت کے خلاف میچ کے دوران بھی اسی نوعیت کی خلاف ورزی پر ایک ڈی میرٹ پوائنٹ دیا گیا تھا۔

سدرہ امین نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے میچ ریفری کی جانب سے تجویز کردہ سزا قبول کر لی، جس کے باعث باقاعدہ سماعت کی ضرورت پیش نہیں آئی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں